محکمہ تعلیم پنجاب نے بجلی کا بل بچانے کیلئے سرکاری اسکول میں پنکھے بند رکھنے کے معاملے پر اسکول انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ رجوعہ سادات میں گورنمنٹ پرائمری اسکول چک 131 لونے والا کی انتظامیہ کے خلاف مبینہ غفلت اور لاپرواہی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ننھے طلبا شدید گرمی اور حبس کے باوجود کلاس روم میں پسینے میں شرابور بیٹھے دکھائی دیتے ہیں۔ طلبا نے شکایت کی کہ بجلی کا بل زیادہ آنے کے باعث ٹیچر نے پنکھے بند کروا دیے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسکول آؤٹ سورس کیا جاچکا ہے، جبکہ آؤٹ سورس سرکاری اسکول لینے والے لائسنسی سے فوری جواب طلب کرلیا گیا ہے۔
سی ای او ایجوکیشن نے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے فیز ون میں آؤٹ سورس کیے گئے اسکول کے مالک کو تین بجے سی او آفس طلب کرلیا۔




















