پاکستان کی آئی ٹی برآمدات نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ درآمدات و برآمدات کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2026 میں پاکستان نے آئی ٹی برآمدات سے 42 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کمائے۔
اعدادوشمار کے مطابق آئی ٹی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 33 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا، جسے شعبے کی تیز رفتار ترقی قرار دیا جا رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 3 ارب 81 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اس عرصے کے دوران آئی ٹی ایکسپورٹس میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ رفتار برقرار رہی تو رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کی آئی ٹی برآمدات پہلی بار ساڑھے چار ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔
آئی ٹی ماہرین کے مطابق پاکستان میں فری لانسنگ، سافٹ ویئر سروسز اور ڈیجیٹل شعبے کے لیے سازگار ماحول پیدا ہونے سے برآمدات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔





















