پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کراچی سے گرفتار ہونے والی مبینہ ڈرگز اسمگلر انمول عرف پنکی کے ذریعے پیپلز پارٹی پر دباؤ ڈالنے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔
سماء نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ حکومت سندھ کا پنکی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے،انمول عرف پنکی جن لوگوں کے ساتھ تعلقات کادعویٰ کررہی ہے،وہ خود سامنے آکر وضاحت دیں۔
پیپلز پارٹی رہنماکاکہنا تھاکہ سندھ حکومت نے پنکی کومبینہ پروٹوکول ملنے کےمعاملے پر فوری ایکشن لیا اورملوث پولیس اہلکاروں کےخلاف کارروائی بھی کی گئی،معاملےکی تحقیقات جاری ہیں اورقانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی سٹی کورٹ میں پیشی کے معاملے پر درخشاں پولیس نے عدالتی ریمانڈ کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو سٹی کورٹ کے بجائے سینٹرل جیل جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کی ہدایت پر تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں درخواست جمع کرائی گئی۔
پولیس حکام کاکہنا ہےکہ ملزمہ کی سٹی کورٹ میں پیشی کے دوران سیکیورٹی خدشات موجود ہیں، اسی لیے متبادل مقام پر پیشی کی اجازت مانگی گئی ہے۔
حکام کے مطابق قتل کیس میں انمول عرف پنکی کا جسمانی ریمانڈ آج مکمل ہو رہا ہے، جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ نے ہفتے کے روز ملزمہ کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔




















