اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپیلوں پر دلائل کی آخری مہلت دینے کے عدالتی حکم کو چیلنج کردیا۔ وکیل سلمان صفدر نے ملاقات نہ کرانے اور وکالت ناموں پر دستخط نہ کرانے کے خلاف بھی متفرق درخواستیں دائر کردیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دو الگ الگ متفرق درخواستیں دائر کردی گئیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اپیلوں پر دلائل کی آخری مہلت دینے کا عدالتی حکم سخت، غیر منصفانہ اور بغیر جواز ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ 19 مارچ 2025 سے تیس اپریل 2026 تک کبھی التوا کی درخواست نہیں دی گئی جبکہ 7 مئی کو پہلی بار حقیقی وجہ کی بنیاد پر التوا مانگا گیا۔ درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی تیس اپریل کے عدالتی فیصلے سے متاثرہ فریق ہیں اور انہیں اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا مکمل قانونی حق حاصل ہے۔
سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ جیل حکام کو ملاقات کرانے اور سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کیلئے وکالت ناموں پر دستخط کرانے کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ غیر قانونی طور پر ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے۔






















