بنگلادیش نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے کر سیریز میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔ میرپور میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں روز میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 240 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 268 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 163 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ڈیبیو کرنے والے عبداللہ فضل 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم دیگر بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
سلمان علی آغا 26 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے جبکہ محمد رضوان، سعود شکیل اور اذان اویس 15، 15 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ نعمان علی 4، امام الحق اور کپتان شان مسعود 2، 2 رنز بنا سکے جبکہ حسن علی ایک اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تیج الاسلام اور تسکین احمد نے 2، 2 جبکہ مہدی حسن میراز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 413 رنز اسکور کیے جبکہ پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 386 رنز بنا کر آؤٹ ہوگیا تھا۔





















