این ڈی ایم اے نے بالائی علاقوں کے لیے خطرناک موسمی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ۔ اگلے بارہ سے چوبیس گھنٹوں کے دوران برفانی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ ، بارشوں اور 'گلاف' کے خطرے کے پیشِ نظر آج سے سولہ مئی تک فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور برفانی جھیلیں پھٹنے سے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ مقامی آبادی اور سیاحوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شدید موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں سمیت کمزور تنصیبات سے دور رہیں۔ سیاحوں کو بھی ہدایت کی گئی ہیں کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور ڈھلوانوں کے قریب کیمپنگ ہرگز نہ کریں۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات مکمل رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔





















