پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مؤثر سرویلنس کا عمل جاری ہے۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق ڈرونز کے ذریعے حساس مقامات، کرائم ہاٹ اسپاٹس، پتنگ بازی، ماحولیاتی آلودگی اور دیگر خلاف ورزیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق کرول گھاٹی اور محمود بوٹی کے علاقوں میں فیکٹریوں سے دھواں خارج ہونے کی نشاندہی کی گئی، جبکہ انجینئرز ٹاؤن نشتر اور قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان کے مطابق مغلپورہ اور لکھوڈیر میں ڈرون سرویلنس کے دوران پتنگ بازی کی نشاندہی کی گئی جس پر متعلقہ پولیس ٹیموں کو فوری اطلاع دی گئی۔ اسی طرح کوٹ لکھپت اور اچھرہ کے علاقوں میں پتنگ بازی کی اطلاعات پر فوری قانونی کارروائیاں بھی کی گئیں۔
سیف سٹیز کا کہنا ہے کہ ڈرون ٹیم کی بروقت نشاندہی کے باعث مختلف مقامات پر فوری ایکشن یقینی بنایا گیا، جبکہ سیالکوٹ، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، رحیم یار خان اور ڈی جی خان میں بھی کرائم ہاٹ اسپاٹس کی نگرانی جدید ڈرونز کے ذریعے جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق سیف سٹی ڈرون سے جرائم کی روک تھام، بروقت مانیٹرنگ اور فیلڈ فورسز کے رسپانس میں نمایاں بہتری آئی ہے، پنجاب بھر میں جدید ڈرون سرویلنس کے ذریعے حساس مقامات، کرائم ہاٹ اسپاٹس اور شہری سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔






















