وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں وزارت قومی صحت کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا،جس دوران سرکاری اسپتالوں میں ایڈز اور ہیپاٹائٹس کے خاتمے کیلئے مریضوں کی اسکریننگ یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ۔
شہبازشریف کا کہنا تھا شہریوں کو صحت کی بہترین خدمات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ ہر ایک قیمتی جان کے تحفظ کے لئے ہم ہر حد اور رکاوٹ عبور کرنے اور ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ۔ بروقت تشخیص سے امراض کا مکمل سدباب ممکن ہو سکے گا ۔ وزارت قومی صحت امراض کی بروقت رپورٹنگ کیلئے مربوط نظام تشکیل دے ۔ ڈریپ اور دیگر ادارے سرنج کا دوبارہ استعمال مکمل طور پر روکنے کو یقینی بنائیں ۔ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ۔ وائرل امراض کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ملک میں آٹو ڈسیبل سرنج کا استعمال یقینی بنایا جائے ۔ ہیپیٹائٹس کی اسکریننگ ، ٹیسٹنگ اور علاج کیلئے صوبوں کے اشتراک سے "وزیراعظم ہیپیٹائٹس کنٹرول پروگرام" کے نفاذ میں تیزی لائی جائے ۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پولیو، ہیپاٹائیٹس اور ایڈز کے خاتمے کے لئے اقدامات کے حوالے سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔





















