لاہور ہائیکورٹ میں گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات کے کیس میں میشا شفیع کی سیشن عدالت کے 50 لاکھ ہرجانے کے فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
لاہورہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اپیل سماعت کیلئےمقرر کی، جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کل اپیل پر سماعت کریگا۔
میشا شفیع نے اپنے وکیل ثاقب جیلانی کی وساطت سےدائر اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ سیشن کورٹ نے علی ظفر کا دعویٰ درست قرار دیتے ہوئے میشا شفیع کو 50 لاکھ ہرجانے کا حکم دیا تھا۔ گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کو جنسی ہراساں کیا، ٹرائل کورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ میشا شفیع الزامات ثابت نہیں کرسکیں اگر میشا شفیع نے الزامات ثابت نہیں کیے تو علی ظفر بھی ہراساں نہ کرنے کو ثابت نہیں کرسکے۔
میشا شفیع نے جنسی ہراسانی کے الزامات پر صوبائی محتسب کو بھی درخواست دی تھی ۔ میشا شفیع کی صوبائی محتسب کے فیصلے کیخلاف اپیل سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ سپریم کورٹ سے حتمی فیصلہ نہ ہونے تک دعوی ڈگری نہیں کیا جاسکتا، سیشن کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔





















