چھٹی ایشین بیچ گیمز اس وقت چین کے خوبصورت شہر سانیا میں جاری ہیں، جس میں پاکستان ریسلنگ ٹیم بھی بھرپور انداز میں شرکت کر رہی ہے۔ پاکستان ریسلنگ ٹیم کے مقابلے 28 اور 29 اپریل کو ہوں گے۔
پاکستان کی جانب سے ستر کلوگرام میں محمد عبداللہ، اسی کلوگرام میں اسداللہ، نوے کلوگرام میں محمد انعام جبکہ اوپن کیٹیگری میں محمد گلزار ایکشن میں نظر آئیں گے۔
کل بروز منگل پاکستان کے وقت صبح پانچ بجے کھلاڑیوں کا وزن کیا جائے گا اور قرعہ اندازی ہوگی۔ اس کے بعد کھلاڑیوں کے مقابلے پاکستان کے وقت صبح سات بجے شروع ہوں گے، جہاں پہلے راؤنڈ میں کامیاب ہونے والے کھلاڑی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گے۔
قومی کھلاڑیوں نے ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ پاکستانی ریسلرز بہترین کارکردگی دکھا کر ملک کا نام روشن کریں گے۔
قوم سے کھلاڑیوں کی کامیابی کے لیے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔





















