ضلعی انتظامیہ نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت اسلام آباد میں نظرثانی شدہ کاروباری اوقات کا اعلان کر دیاہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز پورا ہفتہ رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق ریسٹورنٹس، تندور، گروسری اسٹورز اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کے لیے بندش کا وقت رات 10 بجے مقرر کیا گیا ہے، تاہم ان مقامات پر ٹیک اوے اور ڈیلیوری سروسز کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ فارمیسیز، اسپتالوں، پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور ڈیری شاپس کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
اسی طرح شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات کو بھی رات 10 بجے تک بند کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ کھیلوں کی سہولیات، کلبز اور جمز کے لیے بھی یہی اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد توانائی کی بچت اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔





















