اسکولز میں چھٹی کےبعد طلبہ کے اسکول میں رہ جانے کے واقعات کا انکشاف ہوا ہے ،جس پر محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے طلبہ کی حفاظت کےلیے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔
مراسلے کے مطابق ہر اسکول میں روزانہ ایک ٹیچر یا اسٹاف ممبر طلبہ کے محفوظ انخلا کی نگرانی کرے گا، تمام طلبہ کے جانے کی تصدیق تک متعلقہ اسٹاف اسکول نہیں چھوڑ سکے گا، تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو فوری عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔
حکام نے چھٹی کے بعد اسکول کلاس رومز، واش رومز، لیبارٹریز، لائبریری اور گراؤنڈز کی مکمل تلاشی لازمی قرار دیدی، متعلقہ اسٹاف ممبر یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی طالب علم اسکول میں موجود نہ رہے۔ ہدایات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داری اسکول کے سربراہ پر عائد ہوگی۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے ڈی ای اوز کو احکامات فوری طور پر تمام اسکولوں تک پہنچانے کی ہدایت کردی، سخت مانیٹرنگ کے ذریعے 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ تمام اسکولوں سے 24 گھنٹوں کے اندر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلیا گیا۔






















