پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے عالمی سطح پر ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ لاہور کے انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکولوجی کو انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا 'کولیبریٹنگ سینٹر' قرار دے دیا گیا ۔
تاریخی کامیابی پر انمول میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے کولیبریٹنگ سینٹر کی تختی پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر سائنس ڈاکٹر شکیل عباس روفی نے کہا کہ اس اعزاز کے بعد پاکستان کے پانچ ادارے عالمی ایجنسی کے کولیبریٹنگ سینٹر بن چکے ہیں۔ دنیا کے پینتالیس ممالک میں موجود بانوے مراکز کی فہرست میں پاکستان کا چوتھے نمبر پر ہونا باعثِ فخر ہے۔ تقریب کے دوران تقریباً ایک ارب چالیس کروڑ روپے مالیت کی جدید 'ٹرو بیم لیناک' مشین کا افتتاح بھی کیا گیا۔ جبکہ نئی کیموتھراپی بے کے قیام سے مریضوں کی گنجائش بیس سے بڑھا کر پچاس کر دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر انمول ڈاکٹر عامرہ شامی اور ڈی جی ڈاکٹر شازیہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ادارے کی تحقیق اور طبی معیار میں بہتری کا مظہر ہے۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ملک بھر میں اکیس کینسر ہسپتال چلا رہا ہے جہاں اسی فیصد مریضوں کو علاج کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔





















