پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے۔ پانچ ہفتوں تک مسلسل اضافے کے بعد ہفتہ وار مہنگائی میں کمی ہوگئی تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی اب بھی بلند سطح پر برقرار ہے ۔ گزشتہ ہفتے 17 اشیائے ضروریہ سستی جبکہ 17 اشیا مہنگی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں0.7 فیصد کمی آئی ۔ ٹماٹر کی قیمت میں فی کلو 5 روپے تک اضافہ ہوا ۔ فی درجن انڈے 5 روپے 15 پیسے اور تازہ دودھ اڈھائی روپے فی کلو تک مہنگا ہوا ۔
مٹن کی قیمت 5 روپے فی کلو اور بریڈ کی قیمت 4 روپے تک بڑھی ۔ گزشتہ ہفتے کے دوران دہی،دال مونگ، گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ۔ کپڑے اور صابن بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں ۔
ایک ہفتے کے دوران ڈیزل 134 روپے 58 پیسے اور پیٹرول 12 روپے فی لیٹر سستا ہوا ۔ ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 230 روپے 52 پیسے کم ہوگئی ۔ چکن فی کلو 45 روپے ، گندم کا 20 کلو آٹے کا تھیلا 72 روپے تک سستا ہوا ۔ دال ماش،جلانے کی لکڑی ، گڑ ، چینی ، لہسن ، پیاز اور کیلے بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ۔ چاول سمیت 17 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔



















