راولپنڈی کے نجی اسپتال میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دائیں آنکھ کا آپریشن کیا گیا۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا ہے کہ مریضہ کی رضامندی سے سرجری گزشتہ شام ہوئی۔ ایک رات اسپتال میں قیام کے بعد مریضہ کو دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ کا بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیے کے مطابق بشری بی بی نے دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی شکایت کی، جیل انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ماہرین چشم سے معائنہ کرایا۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق بشریٰ بی بی کی دائیں آنکھ میں ریٹینل ڈیٹچمنٹ تشخیص ہوا، تشخیص کے پیش نظر ڈاکٹروں نے آنکھ کی سرجری کا مشورہ دیا، گزشتہ شام مریضہ کو راولپنڈی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق سرجری سے قبل ضروری ٹیسٹ اور طبی معائنہ مکمل کیا گیا، مریضہ بشریٰ بی بی نے آپریشن کی رضامندی دی، سرجری پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پینل نے انجام دی۔ سرجری اور ایک رات اسپتال میں قیام کیا،حالت سنبھلنے میں ڈسچارج کردیا، مریضہ بشریٰ بی بی کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ سے ان کی بیٹیوں اور بہن کی ملاقات بھی کروا دی گئی۔ جیل ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی سے فیملی کی ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد وقت جاری رہی ۔ فیملی نے بشریٰ بی بی کی صحت پر اطمینان کا اظہار کیا۔




















