ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث پن بجلی کی پیداوار بڑھ گئی۔ شارٹ فال کم ہو کر 3 ہزار میگاواٹ رہ گیا۔ پیک آورز میں لوڈشیڈنگ 6 سے 8 گھنٹے کے بجائے 3 سے 4 گھنٹے رہ گئی۔ پاور ڈویژن نے ڈسکوز کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر شیڈول اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق موسم میں بہتری اور ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں شارٹ فال کم ہو کر تین ہزار میگاواٹ رہ گیا ہے۔ بجلی کی مجموعی پیداوار 16 ہزار 10 میگاواٹ جبکہ طلب 19 ہزار میگاواٹ ہے۔
موسم میں بہتری اور مارکیٹس جلد بند ہونے سے طلب میں تقریباً ایک ہزار میگاواٹ کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پن بجلی کی پیداوار بڑھ کر 3 ہزار 150 میگاواٹ ہو گئی ہے جبکہ تھرمل پاور پلانٹس 8 ہزار، نیوکلیئر دو ہزار 880، ونڈ 1300، سولر 350 اور بگاس پاور پلانٹس 80 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔
ادھر ارسا نے ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافہ کرتے ہوئے تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 8 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار کیوسک جبکہ منگلا ڈیم سے 15 ہزار کیوسک کر دیا ہے۔
پاور ڈویژن نے ڈسکوز کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر شیڈول اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں پانی کے اخراج میں مزید اضافے سے بجلی کی پیداوار مزید بہتر ہو گی۔






















