پاکستان کو سعودی عرب سے دو ارب ڈالر ڈیپازٹ موصول ہوگئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب سے دو ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں۔ ڈالر موصول ہونے سے ملکی زرمبادلہ ذخائر میں یکدم بڑی کمی کا خطرہ ٹل گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کو رواں ماہ ہی یو اے ای کو ساڑھے 3 ارب ڈالر ادائیگی کرنی ہے۔ یو اے ای نے اپنے ڈالر ڈیپازٹس رول اوور کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ پاکستان نے رواں ماہ ہی یوروبانڈ میچیورٹی کی مد میں بھی ایک ارب بیس کروڑ ڈالر ادا کئے تھے۔
سعودی عرب نے 5 ارب ڈالرڈپازٹ کو طویل مدت کےلیے توسیع بھی دے دی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کا موجودہ 5 ارب ڈالر کا ڈپازٹ اب سالانہ بنیاد پر رول اوور کا پابند نہیں رہے گا بلکہ اسے طویل مدت کے لیے بڑھا دیا جائے گا۔
وزیرخزانہ نے بتایا کہ یہ مالی معاونت پاکستان کی بیرونی فنانسنگ ضروریات کے لیے نہایت اہم وقت پر فراہم کی گئی ہے، جس سے زرمبادلہ ذخائر کو مضبوط بنانے اور بیرونی کھاتوں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔






















