گوگل جلد ہی عالمی سطح پر غیرفعال اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کا عمل شروع کردے گا، کمپنی کے آپریشن میں غیرفعال اکاؤنٹس میں موجود کروڑوں تصاویر، فائلیں اور ای میلز ڈیلیٹ کی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق جی میل سروس متعارف کرائے جانے کے بعد سے گوگل پر اربوں کی تعداد میں اکاؤنٹ بنائے گئے، ان اکاؤنٹس کے ذریعے جی میل کے ساتھ یوٹیوب، سرچ اور گوگل ڈرائیو جیسے اضافی فیچر تک رسائی بھی دی گئی، تاہم ان کاؤنٹس میں بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو کافی عرصے سے غیر فعال ہیں۔
غیرفعال اکاؤنٹس سے متعلق گوگل کا کہنا ہے کہ یہ سیکیورٹی کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے اور ان غیرفعال اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنا دیگر صارفین کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے عمل کا ایک حصہ ہے۔
کمپنی نے مزید کہا ہے کہ ان پرانے اور غیر فعال اکاؤنٹس کو جرائم پیشہ افراد ہیک کرکے غیرقانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرسکتے ہیں، اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے گوگل نے ایسے تمام اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے گوگل کی جانب سے یہ پالیسی رواں برس کے ابتداء میں متعارف کرائی گئی تھی جس کا اطلاق 2023ء کے دسمبر سے ہونا ہے۔