وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کے تحت ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں ہموار کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں بینک آف پنجاب اور دی آفس آف اے آئی کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے ہیں، جو صوبے میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
یہ اشتراک مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے مصنوعی ذہانت علی ڈار کی قیادت میں عمل میں آیا، جو پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے لے جانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ علی ڈار کے مطابق یہ معاہدہ پنجاب میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے عملی استعمال کا ایک نیا باب کھولے گا اور صوبے کی ڈیجیٹل ترقی کو نئی رفتار دے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت پنجاب اے آئی ڈیٹا سینٹر اور فنانشل ڈیٹا ویئرہاؤس کا قیام نواز شریف آئی ٹی سٹی میں کیا جائے گا، جو صوبے میں مضبوط ڈیٹا انفراسٹرکچر کی بنیاد فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا اے آئی سے فعال صوبہ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ جدید ڈیٹا نظام کے ذریعے پنجاب کو خطے میں اے آئی کا ایک فعال مرکز بنایا جائے گا۔
علی ڈار نے مزید کہا کہ اس شراکت داری کے تحت کسانوں، چھوٹے کاروباروں اور ہاؤسنگ سیکٹر کے لیے جدید کریڈٹ حل متعارف کروائے جائیں گے، جبکہ اے آئی کے ذریعے مالی سہولیات تک عام عوام کی رسائی کو مزید آسان بنایا جائے گا۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس وژن کے عین مطابق ہے جس کے تحت صوبے کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور اے آئی سے لیس بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مشیر وزیر اعلی پنجاب علی ڈار نے اس امر پر بھی زور دیا کہ یہ منصوبہ ایک لاکھ سے زائد نوکریوں کی فراہمی کے ہدف کے حصول میں مثبت کردار ادا کرے گا اور نوجوانوں کے لیے ٹیکنالوجی اور روزگار کے نئے دروازے کھولے گا۔ مزید برآں، اسٹارٹ اپس، جامعات اور عالمی اے آئی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کو فروغ دیا جائے گا تاکہ جدت اور تحقیق کے مواقع بڑھ سکیں۔
علی ڈار کے مطابق اس اقدام سے ایس ایم ایز، زراعت اور کم سہولت یافتہ طبقات کے لیے قرضوں تک رسائی میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی، جبکہ اے آئی کے مؤثر استعمال کے ذریعے معیشت کو مضبوط اور عوام کو بااختیار بنایا جائے گا۔یہ شراکت داری پنجاب کو ڈیجیٹل دور میں ایک نمایاں مقام دلانے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔





















