توانائی کے وسائل پر دباؤ کم کرنے کے لیے خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بازاروں اور شادی ہالز کے اوقات کار مقرر کردیے گئے۔
محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کے مطابق تمام بازار اور کاروباری مراکز رات 8 بجے تک کھلیں گے، میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق تمام شادی ہالز اور باہرمنعقدہ شادی کی تقریبات بھی رات 10بجے تک ختم کی جائیں گی، جاری کردہ ہدایات کے مطابق 6 اپریل 2026 سے عملدرآمد ہوگا۔
حکام کے مطابق عوامی نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے نئے اوقات کار مقرر کیے گئے ہیں، تمام اضلاع کی انتظامیہ کو احکامات پرعملدرآمد کرانے کی ہدایت کردی۔
بلوچستان
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کفایت شعاری سے متعلق اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پرعمل درآمد کا باضابطہ آغاز کردیا گیا۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔
اعلامیے کے مطابق توانائی بچت کیلئے مارکیٹوں، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار تبدیل کردیے گئے، مارکیٹیں رات 8 بجے بند، دواخانے اور تندور مستثنیٰ ہوں گے۔ شادی ہالز اور تقریبات رات 10 بجے تک ختم کرنے کی ہدایت کردی گئی، ریسٹورنٹس اور ہوٹل رات 10 بجے بند ہوں گے۔
خیبرپختونخوا
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے صوبے بھر میں مارکیٹ اوقات محدود کرنے کی ہدایت کردی، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں مارکیٹیں رات 9 بجے، دیگر اضلاع میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند ہوں گی۔
ریسٹورنٹس اور کیفے رات 10 بجے بند، ہوم ڈیلیوری کی اجازت، شادی ہالز اور ایونٹ ہالز کو تقریبات رات 10 بجے تک ختم کرنے، غیر ضروری لائٹس، فلوڈ لائٹس اور ڈیکوریشن لائٹنگ پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔
دکانیں بند ہونے کے بعد بل بورڈز اور ایل ای ڈی اسکرینز بند رکھنا لازمی قرار دیدی گئی، غیر ضروری تجارتی سرگرمیوں کیلئے جنریٹر استعمال پر پابندی ہوگی۔ احکامات فی الفور 6 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہونگے۔
کفایت شعاری اقدامات
واضح رہے کہ وفاقی حکومت بھی توانائی کے وسائل پر دباؤ کم کرنے کے لیے بازار کے اوقات میں کمی سمیت اقتصادی کفایت شعاری اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ اگر یہ تجویز نافذ ہوئی تو مارکیٹیں معمول کے شیڈول سے پہلے بند کر دی جائیں گی۔
چند روز قبل ایک اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔ اجلاس میں بازاروں کے اوقات میں کمی پر غور کیا گیا، جبکہ صرف شادی ہال اور ریستوران رات 10 بجے تک کھلے رہنے کی اجازت دی جائے گی۔




















