وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کا این ایف سی شیئر دیگر صوبوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ضم اضلاع کے عوام کے بھی حقوق نہیں دیے جا رہے۔
باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں امن جرگہ سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام کریلیف دینے کے بجائے مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے، وسائل ذاتی شاہ خرچیوں پر لٹائے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ امن ہم سب کی اولین ضرورت ہے،ترقی اور خوشحالی کے راستے امن سے ہی نکلتے ہیں، سیاسی وابستگیاں اپنی جگہ مگر امن کے لیے ہم سب ایک ہیں، کوئی اختلاف نہیں، آپ امن کے لیے کھڑے ہوں، اپنی ترقی اور خوشحالی مجھ پر چھوڑ دیں۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان پر سخت وقت آیا ہم نے صف اول میں رہ کر قربانیاں دی ہیں، خطے میں امن کے لیے قبائلی مشران کی جدوجہد قابل تحسین ہے۔ صوبائی حکومت دیرپا امن کا قیام یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے باجوڑ میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام اور باجوڑ کو دیر موٹروے اور سوات موٹروے سے منسلک کرنے کا اعلان کردیا، کہا ضم اضلاع کیلئے ایک ہزار ارب کاپیکج لارہے ہیں،صحت و تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔




















