وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے عوام کےلیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے تمام شہروں کے اندر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان کردیا، اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے زراعت، خوراک اور کسان کے تحفظ کے لئے نقد رقم دینے کا فیصلہ بھی کرلیا، کاشتکاروں کو فی ایکڑ فی لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دیا جائے گا۔ موٹر سائیکل سواروں کو بھی سبسڈی دینے کا فیصلہ، ہر رجسٹرڈ بائیک والے شہری کو 20 لیٹر پر 100 روپے سبسڈی ملے گی۔
وزیراعلی مریم نواز نے عالمی بحران کے باوجود ایک ماہ تک پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور نرخ برقرار رکھنے پر وزیرا عظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا، کہا ایک ماہ میں اربوں روپے کا ریلیف دے کر وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو مشکلات سے بچانے کی بھرپور اور مخلصانہ کوشش کی۔
مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بدترین معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف دیا ہے، مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وعدہ ہے کہ حالات کی بہتری کے ساتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ جنگ کے نتیجے میں پوری دنیا شدید عالمی معاشی بحران کا شکار ہے، پاکستان درآمدی تیل پر انحصار کی وجہ سے جنگ کے اثرات سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ ان غیر معمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔




















