پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کے سینٹرل کنٹریکٹ کو اپ گریڈ کر دیا گیا۔
بورڈ نے یہ فیصلہ اپنی اس پالیسی کے تحت کیا ہے کہ اگر سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کوئی بھی کھلاڑی جو اے یا بی کیٹگری سے نیچے ہے اور وہ کپتان بنتا ہے تو اس کا کنٹریکٹ اس وقت تک بی کیٹگری میں کردیا جائے گا جب تک وہ کپتانی کررہا ہے۔
پی سی بی پالیسی کے تحت شان مسعود کو سینٹرل کنٹریکٹ اپ گریڈ کرنے کے بعد ڈی سے بی کیٹگری میں کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ آسٹریلیا میں مثبت کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، شان مسعود
34 سالہ شان مسعود کو 15 نومبر کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 تک کپتان بنائے گئے ہیں۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے شان مسعود 30 ٹیسٹ میچوں میں 1597 رنز بنا چکے ہیں اور بحیثیت کپتان ان کی پہلی اسائنمنٹ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہے جو 14 دسمبر سے شروع ہورہی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن میں ہوگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔