این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں ممکنہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، کھڑی فصلوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث راستے بند ہونے اور آمد و رفت میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
مزید برآں مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں، جبکہ تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں، کمزور عمارتوں اور تنصیبات سے دور رہیں۔





















