اسلام آباد ہائی کورٹ نے عید کے چاند کا اعلان شہادتوں کی بنیاد پر قانون کے مطابق جلد ازجلد کرنے کا حکم جاری کر دیا، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ہدایات پر مبنی تحریری فیصلہ جاری کیا ۔ چاند کےاعلان کے بعد مارکیٹوں میں امن وامان برقراررکھنے اور عوامی تحفظ کیلئے مناسب ، ضروری اقدامات کی بھی ہدایت کر دی ۔
ایک شہری کی درخواست پر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کیس کے میرٹس پر جائے بغیر عدالت متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر رہی ہے ۔ عیدالفطر کا چاند دیکھنے کا معاملہ رویت ہلال کمیٹی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے ۔ کمیٹی نے چاند نظر آنے کا شہادتوں کی بنیاد پر قانون کے مطابق فوری اعلان کرنا ہوتا ہے ۔ مارکیٹس میں رش اور امن و امان کی صورتحال دیکھنا بھی انتظامی اختیار میں آتا ہے ۔ مارکیٹس معاملات ریگولیٹ کرنا،عوامی تحفظ یقینی بنانا متعلقہ انتظامی حکام ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے ۔





















