خیبرپختونخوا میں صوبائی قرضوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ہر ماہ اوسطاً ساڑھے 5 ارب روپے کا اضافہ ہو رہا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران صوبائی قرض میں 33 ارب 42 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی قرض 809 ارب 74 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ جون 2025 میں یہ حجم 776 ارب 32 کروڑ روپے تھا۔
دستاویزات کے مطابق اسی عرصے میں صوبے نے 25 ارب 56 کروڑ روپے قرض واپس بھی کیا، جس میں 15 ارب 81 کروڑ روپے اصل رقم اور 9 ارب 75 کروڑ روپے سود کی مد میں ادا کیے گئے۔ اس کے باوجود صوبے نے 45 ارب 9 کروڑ روپے کا نیا قرض بھی حاصل کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت 30 ترقیاتی منصوبے غیر ملکی قرضوں سے جاری ہیں، اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ قرض عالمی مالیاتی اداروں سے لیا گیا، جن میں عالمی بینک سے 352 ارب 50 کروڑ روپے 46 منصوبوں کیلئے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 351 ارب 80 کروڑ روپے 44 منصوبوں کیلئے حاصل کیے گئے۔




















