سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ آزاد باوقار اور خود مختار پاکستان بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا ۔انشاءاللہ ہم ترقی یافتہ خود مختار پاکستان کی تعمیر کریں گے،قوم بلاول کا ساتھ دے، مایوس نہیں کریں گے۔
کوئٹہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے مشن روٹی کپڑا اور مکان کے منشور پر ثابت قدم ہیں،بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے جو طبقاتی استحصال سے پاک ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے جیالوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہداء جمہوریت قوم کے ہیرو ہیں۔کوڑا کھانے اور قید کاٹنے والے کارکنوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا کارنامہ ہے کہ آج بولنے کی آزادی ہے۔ اگر کوئی ہمارے خلاف بھی بولتا ہے تو یہ بھٹو شہید کا کارنامہ اور جیالوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے،
انکا کہنا تھا آزاد باوقار،خود مختار پاکستان محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا ۔ جس کیلئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے جان کا نذرانہ دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ قوم خاص طور نوجوان بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انہیں مایوس نہیں کریں گے۔