سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔ خطے میں امن واستحکام کیلئے مشترکہ کوششوں اور قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کی وزیرِاعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دفتر میں آمد پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹننٹ جنرل عاصم ملک نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، شہبازشریف نے ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کیلئے بھی نیک خواہشات کا پیغام دیا اور پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل اورغیر متزلزل یکجہتی اورحمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران سعودی عرب کی جانب سےغیر معمولی تحمل کوسراہا، کہا پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ سعودی وزیرخارجہ نے خطے کی صورتحال پر سعودی عرب کے مؤقف سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے سعودی وزیرخارجہ کو موجودہ بحران کے دوران وسیع سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے اس نازک وقت میں اسلامی ممالک کےدرمیان اتحاد کی ضرورت کو اجاگرکیا۔
سعودی وزیر خارجہ کے بعد ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ خطے میں امن و استحکام کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قریبی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ترک وزیر خارجہ حاکان فیدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر بن عبدالعاطی کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، ملاقات میں اسحاق ڈار اور مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک نے بھی شرکت کی۔
خیال رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے اہم مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔





















