نیو میکسیکو کی ایک عدالت نے میٹا کو بچوں کی حفاظت کے حوالے سے صارفین کو گمراہ کرنے پر 375 ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
جیوری نے فیصلہ دیا کہ میٹا نے اپنے پلیٹ فارمز پر نابالغ صارفین کو خطرے میں ڈالنے اور انہیں جنسی طور پر غیر مناسب مواد اور جنسی شکاریوں کے رابطے میں آنے کے حوالے سے عوام کو گمراہ کیا۔
نیو میکسیکو کے اٹارنی جنرل راؤل ٹوریز نے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ریاست نے بچوں کی حفاظت کے مسائل پر میٹا کے خلاف کامیابی سے مقدمہ جیتا۔
جیوری نے میٹا کو نیو میکسیکو کے ان فیئر پریکٹسز ایکٹ کی خلاف ورزی پر ذمہ دار قرار دیا کیونکہ کمپنی نے نوجوان صارفین کے لیے اپنے پلیٹ فارمز کی حفاظت کے بارے میں عوام کو گمراہ کیا۔
میٹا کی ترجمان نے کہا کہ کمپنی اس فیصلے سے متفق نہیں اور اپیل دائر کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے پلیٹ فارمز پر صارفین کی حفاظت کے لیے سخت محنت کرتے ہیں اور نقصان دہ مواد کی شناخت اور ہٹانے میں چیلنجز کے بارے میں واضح ہیں۔ ہم نوجوانوں کی آن لائن حفاظت کے اپنے ریکارڈ پر پر اعتماد ہیں۔
میٹا نے دعویٰ کیا کہ کمپنی نے سالوں سے اپنے پلیٹ فارمز پر نوجوانوں کے لیے محفوظ تجربات فراہم کرنے کی کوشش کی۔ 2024 میں انسٹاگرام نے ٹین اکاؤنٹس متعارف کرائے تاکہ نوجوان صارفین اپنے تجربات کو بہتر طریقے سے کنٹرول کر سکیں جبکہ پچھلے ماہ والدین کو مطلع کرنے والا فیچر متعارف کروایا گیا جو بچوں کی خود کو نقصان پہنچانے والے مواد کی تلاش کے بارے میں آگاہ کرے گا۔





















