مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات پر ایشیائی ترقیاتی بینک نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے متاثرہ معیشتوں کیلئے مالی پیکج کا اعلان کردیا ہے، مہنگائی اور سپلائی چین بحران سے نمٹنے کیلئے فوری سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق ایشیا اور ایشیا پیسیفک خطے کے ممالک کو فوری مالی مدد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بڑھتے معاشی دباؤ کا مقابلہ کر سکیں۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے فوری بجٹ سپورٹ اور فنانسنگ پروگرام بھی شروع کر دیا ہے جبکہ نجی شعبے کو درآمدات جاری رکھنے کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ادارے نے زور دیا ہے کہ غریب اور کمزور طبقے کو تحفظ فراہم کرنا ناگزیر ہے جبکہ تیل، خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی درآمد کو برقرار رکھنے کیلئے بھی سپورٹ دی جائے گی۔اے ڈی بی کے مطابق بڑھتی مہنگائی، تیل کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی چین میں خلل کے باعث اشیا مہنگی اور ترسیل میں تاخیر ہو رہی ہے جبکہ زراعت اور خوراک کے شعبے کو بھی خطرات لاحق ہیں۔بینک نے خبردار کیا ہے کہ سیاحت اور ترسیلات زر پر انحصار کرنے والے ممالک زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ کرنسی اور مجموعی معیشت پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔




















