وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت پیٹرول پرائسز مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران علاقائی کشیدگی کے تناطر میں توانائی کی قیمتوں اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،وزارت خزانہ نے بتایا کہ حکومت اپریل کے آخر تک مزید ایندھن کا انتظام کر رہی ہے ۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ کافی ہے، مارچ کے لئے ایندھن کی ضرورت پوری طرح محفوظ ہے، موجودہ منصوبہ بندی کے مطابق ایندھن اپریل کے وسط تک دستیاب رہےگا۔ وزارت خزانہ نے کہا کہ حکومت اپریل کے آخر تک مزید ایندھن کا انتظام کر رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف ممالک سے تیل درآمد کرنےکی حکمت عملی پر کام جاری ہے،کسی ایک راستے یا ملک پر انحصار کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،ملک میں ایندھن کی کمی کا کوئی خطرہ نہیں، عوام کو پیٹرول ذخیرہ کرنے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں اوگرا اور صوبائی حکومتوں کو صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ۔
بتایا گیا کہ ملک میں ایندھن کی فراہمی کا نظام مستحکم ہے، پیٹرولیم ذخائر اور درآمدات کا روزانہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیاہے، موجودہ کارگو پلاننگ کےتحت اپریل کے وسط تک فیول سپلائی یقینی بنائیں گے۔
اعلامیہ میں حکومت کی جانب سے اپریل کے آخر تک فیول سپلائی بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں،ملک میں خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش قرار دیئے گئے ۔






















