بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر ہاردیک پانڈیا کو گرل فرینڈ کے ساتھ جشن منانا مہنگا پڑ گیا۔
نیوزی لینڈ کو فائنل میں شکست کے دینے کے بعد جشن منایا گیا تھا، اس دوران ہاردیک پانڈیا کی گرل فرینڈ مہیکا شرما گراؤنڈ میں موجود تھیں، ہاردیک کی جانب سے بھارتی جھنڈا لپیٹ کر خاتون دوست کے ساتھ جشن منانا ’فحش عمل‘ قرار دیا گیا ہے۔
ہاردیک پانڈیا کے خلاف واجد خان ایڈووکیٹ نے ایف آئی آر کے لیے درخواست دی ہے۔ جس میں ان کا مؤقف ہے کہ پانڈیا نے ترنگے کو جسم پر لپیٹا اور گراؤنڈ میں فحش عمل کے مرتکب ہوئے۔ وکیل واجد خان نے پونے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی ہے۔
انہوں نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ ہاردیک پانڈیا کے خلاف جھنڈے کی توہین کرنے پر ایف آئی آر درج کی جائے، پانڈیا کا عمل متعلقہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پانڈیا کے عمل کی وجہ سے قانونی کارروائی ہونی چاہیے، قومی جھنڈے کے وقار کا خیال رکھنا ہر شہری کا فرض ہے۔




















