نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے حکام سے مستونگ دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی۔
خیال رہے کہ جمعرات کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حافظ حمداللہ منگوچر جارہے تھے کہ اچانک سڑک کنارے نصب بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں حافظ حمد اللہ، محمد یوسف، قدرت اللہ، حافظ رحیم بخش، محمد عامر، محمد یوسف، حاجی احمد، عبدالقادر اور علیمہ زخمی ہوگئے،جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے کوئٹہ ریفرکردیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مستونگ میں آج پیش آنیوالا دہشتگردی کا واقعہ افسوس ناک ہے۔واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جائیں۔ حافظ حمداللہ اور واقعہ میں زخمی دیگر افراد کو علاج معالجےکی بہترین سہولیات فراہم کرنے اور بحالی امن کیلئے اقدامات کو مزید بہتر بنانےکی ہدایت کی ہے pic.twitter.com/X8BAYXA7JO
— Chief Minister's Office of Balochistan (@CMOBalochistan) September 14, 2023
علی مردان ڈومکی کا کہنا تھا مستونگ واقعہ افسوسناک ہے، دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بحالی امن کے لئے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
واضح رہے ترجمان جمعیت علما ء اسلام ( جے یو آئی ) کے ترجمان اسلم غوری کی جانب سے دھماکے کے نتیجے میں حافظ حمد اللہ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ رہنما جے یو آئی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔