اسلام آباد ہائیکورٹ نے علاج کیلئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نجی اسپتال منتقلی کی متفرق درخواست پر نوٹس جاری کردیئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس میں بانی پی ٹی آئی کی نجی اسپتال میں علاج کی متفرق درخواست پر جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس خادم سومرو نے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ ، سلمان اکرم راجا و دیگر وکلا پیش ہوئے۔
عدالت نے عمران خان کے علاج کی متفرق درخواست کو نمبر لگانے کی ہدایت کردی، عدالت کا استفسار نے استفسارکیا کہ آپ مرکزی اپیل پر دلائل کیوں نہیں دیتے ہیں؟ جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم تو تیار ہیں، آپ کل ہی ہماری اپیل لگا دیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ ہم آپ کی اپیل اور درخواست دونوں سن لیتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیل کی پیپربُک تیار کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
لطیف کھوسہ نے درخواست کل ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی،جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ پیپر بک تیار ہونے میں دو تین دن لگ جائیں گے، اسپتال منتقلی کی درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری کردیا ہے، مرکزی اپیل آئندہ ہفتے مقررکررہے ہیں،تیاری کے ساتھ آیئے گا، عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس 10مارچ کو مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔





















