چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات بانی پی ٹی آئی کو اسپتال لانےکا نہ ہمیں اورنہ ہی فیملی کو بتایا گیا، اسپتال سے واپس لے جانے کے بعد مجھے آگاہ کیا گیا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹرگوہر نے کہا کہ آج ایک بار پھر ہم سپریم کورٹ کے سامنے کھڑے ہیں، عدالت آکر ایک ہی مطالبہ کر رہے ہیں بانی کوانصاف دو، ہماری درخواست ہےجیل مینوئل کےمطابق مرضی کا علاج کرایا جائے۔
رہنما پی پی ٹی آئی نے کہا کہ فیملی کا مطالبہ واضح ہےکہ شفا انٹرنیشنل میں علاج ذاتی معالجین اورفیملی کی موجودگی میں ہو، ہمیں آج رجسٹرار نے کہا ہے کہ جلد سماعت کی درخواست دو، لطیف کھوسہ اس کیس میں وکیل ہیں درخواست دے دیں گے۔
قبل ازیں بیرسٹر گوہر اور علی محمد خان نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کے زیرالتواء مقدمات مقرر کرنے کا مطالبہ کردیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی کی صحت کا معاملہ سیاسی نہیں انسانی ہے، ذاتی معالج اور اہل خانہ کی رسائی کی استدعا کر رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار سپریم کورٹ نے بیرسٹر گوہر کو جلد سماعت کی درخواست دینے کی ہدایت کی، پی ٹی آئی وفد کو درخواست موصول ہونے پر جلد مقدمات مقرر کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔






















