خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا، ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ چار خوارج ہلاک ہوئے جبکہ پشین میں ایک خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشتگرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیاہے ۔
بلوچستان کے ضلع پشین میں خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائی کی گئی، شدید جھڑپ کے دوران 4 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک کر دیئے گئے جبکہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
مارے گئے خوارج علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظرسینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشتگردی مہم جاری رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، دہشتگردی کی اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔






















