سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے عمرہ پر جانے کی اجازت کیلئے درخواست انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں دائر کر دی، عدالت نے درخواست پر سرکار کو نوٹس جاری کر دیا۔
شیخ رشید احمد کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے عمرہ پر سعودی عرب جانے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ تھانہ آر اے بازار میں درج نو مئی کے مقدمہ میں ہر تاریخ پر عدالت پیش ہوتا ہوں، ضمانت کا بھی کبھی ناجائز فائدہ نہیں اٹھایا پندرہ روز کیلئے عمرہ پر سعودی عرب جانا چاہتا ہوں لہذا عدالت اجازت دے عمرہ سے واپس پاکستان آ کر آئندہ تاریخ سماعت پر عدالت حاضر ہو جاؤں گا۔ شیخ رشید کی جانب سے درخواست سردار شہباز ایڈوکیٹ نے دائر کی۔




















