ایک چینی خاتون انفلوئنسر کی لائیو اسٹریم کے دوران بیوٹی فلٹر میں خرابی آگئی اور اس کا قدرتی چہرہ سامنے آگیا۔ اس واقعے کے فوری بعد انفلوئنسر کو شدید نقصان ہوا اور اس کے 1 لاکھ 40 ہزار فالوورز کم ہوگئے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب انفلوئنسر اپنے فالوورز کے ساتھ لائیو سیشن کررہی تھیں۔ وہ عام طور پر بیوٹی فلٹرز استعمال کرتی تھیں جو ان کی جلد کو ہموار، چہرے کو پرکشش اور آنکھوں کو بڑا دکھاتے تھے۔
اسٹریم کے دوران فلٹر اچانک فیل ہوگیا اور ان کا قدرتی چہرہ سامنے آگیا، جس میں جلد کی قدرتی ساخت اور عمر کے اثرات واضح تھے۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ کچھ صارفین نے انفلوئنسر پر تنقید کی کہ وہ فالوورز کو دھوکہ دے رہی تھیں، جبکہ دیگر نے کہا کہ فلٹرز کا استعمال آن لائن تفریح کا حصہ ہے اور اس میں کوئی حرج نہیں۔
اس واقعے نے آن لائن شہرت، صداقت اور بیوٹی اسٹینڈرڈز پر نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ انفلوئنسر، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، اپنے فالوورز کو ایک مثالی اور پرکشش شکل پیش کرکے بڑی تعداد میں مداح بنا چکی تھیں۔ فلٹر فیل ہونے کے بعد نہ صرف فالوورز میں کمی ہوئی بلکہ انہیں تحائف اور ڈونیشنز میں بھی نقصان اٹھانا پڑا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر فلٹرز کا استعمال عام ہے، لیکن ایسے واقعات صارفین کو یاد دلاتے ہیں کہ آن لائن پیش کی جانے والی تصویر ہمیشہ حقیقت نہیں ہوتی۔ یہ واقعہ چین کی لائیو اسٹریمنگ انڈسٹری پر بھی اثر ڈال سکتا ہے، جہاں انفلوئنسرز اپنی شکل و صورت کو بدل کر کمائی کرتے ہیں۔





















