پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی فرنچائز اسلام آباد یونائٹیڈ کے آئندہ ایڈیشن کے لئے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے ساتھ معاملات حتمی مراحل میں داخل ہوگئے۔
قومی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے آئندہ ایڈیشن میں کس ٹیم کی جانب سے کھیلیں گے اس حوالے سے تگ و دو جاری ہے تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے نسیم شاہ سے معاملات حتمی مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے پی ایس ایل 9 نہ کھیلنے کا فیصلہ کرچکے ہیں جبکہ ان کی پشاور زلمی سے بھی ڈیل مکمل نہیں ہوسکی تھی۔
تاہم، اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم سے معاملات تقریباً حل کرلئے ہیں اور فرنچائز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ان کے بدلے ٹریڈ کے لئے رابطہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم شاہ کے بدلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کسی بھی کھلاڑی سے ٹریڈ کرنے کی آفر کی ہے جس پر کوئٹہ نے دو دن کی مہلت مانگ لی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ذرائع کے مطابق فرنچائز فہیم اشرف، شاداب خان اور اعظم خان کو نہیں چھوڑے گی۔