اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسلام آباد میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سلامتی کونسل کے صدر جیمز کریو نے اپنے بیان میں کہا کہ مسجد میں کیا گیا خودکش حملہ گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
سلامتی کونسل کے ارکان نےحملے میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکومت اور عوام سے مکمل ہمدردی اور تعزیت کی ہے،حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر قسم کی دہشت گردی بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سنگین ترین خطرات میں سے ایک ہے،دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے واضح کیا کہ دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ اور کسی صورت قابلِ جواز نہیں ہے۔





















