وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی جس دوران وزیر خزانہ نے تجارتی اصلاحات اور ٹیرف میں کمی سے مسابقت بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، ترقیاتی شراکت داروں نے بھی پاکستان کی اصلاحات اور سرمایہ کاری ایجنڈے کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ وزیر خزانہ سے نجی سرمایہ کار گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد نے بھی ملاقات کی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے عالمی سرمایہ کاروں کے وفد کو پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات سے آگاہ کرنے کے ساتھ نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی پر زور دیا اور کہا اٹھارہ ماہ میں معاشی استحکام میں نمایاں بہتری آئی، زر مبادلہ ذخائر سال کے آخر تک تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہونے کی توقع ہے۔ توانائی اور ٹیکس شعبے میں اصلاحات جاری ہیں۔ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے اور نظام بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ پاکستان عالمی قرض مارکیٹ تک رسائی کی تیاری میں بھی ہے۔ پی آئی اے کی نجکاری سے مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔
وزیر خزانہ نے پانڈا بانڈ سمیت عالمی مارکیٹ تک رسائی میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ دوسری طرف وزیر خزانہ اور نجی سرمایہ کار گروپ گوبی پارٹنرز کی ملاقات میں وینچر کیپیٹل اور اسٹارٹ اپس کے فروغ کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان میں نجی شعبے کی قیادت میں ترقی پر زور دیتے ہوئے رسک کیپیٹل تک رسائی روزگار اورجدت کیلئے ضروری قرار دی۔۔ وزارت خزانہ کے مطابق ٹیکسیلا فنڈ ٹو کیلئے پچاس ملین ڈالر کا ہدف مقرر ہے۔ گوبی پارٹنرز نے فن ٹیک، لاجسٹکس، ہیلتھ ٹیک اور سافٹ ویئر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا عزم ظاہر کیا۔






















