وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت عبرت ناک شکست کے بعدپراکسیز کے ذریعے جنگ لڑ رہا ہے۔ براہ راست جنگ لڑنے کی اب دشمن میں ہمت نہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہندوستان اورطالبان کے گٹھ جوڑ کے تانے بانے مل رہے ہیں ۔ اس ظلم کا جواب ریاست پوری قوت سے دے گی۔ نمازیوں کو شہید کرنے والے دین اور وطن دونوں کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان نے جنگ کا درجہ حرارت بڑھانے کی کوشش کی، افغانستان سے مذاکرات کی کامیابی کی مبہم امید بھی ختم ہوگئی۔ حملے میں ملوث دہشت گرد کاافغانستان آنا جانا ثابت ہوچکا۔
واضح رہے کہ آج راولپنڈی میں مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خود کش دھماکے کے نتیجے میں 31 افراد شہید اور 160 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھماکےمیں مجموعی طور پر 31 افراد شہید ہوگئے جبکہ دھماکے کے بعد اسپتال لائے گئے زخمیوں کی تعداد 169ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور کو گیٹ پر روکا گیا تواس نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا،پولیس اورسیکیورٹی ادارے کارروائیوں میں مصروف ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ خارجی خودکش کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا۔






















