پاکستان اور سعودی عرب کی فٹبال فیڈریشنز میں باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
پی یف ایف کے مطابق پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک اور سعودی فیڈریشن کے صدر یاسر المسحیال نے دستاویزات کا تبادلہ کیا،اس موقع پر ساف کے جنرل سیکرٹری ابراہیم القسیمی اور این سی کے رکن سعود ہاشمی بھی موجود تھے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان فٹبال کی تاریخ میں پہلی بار اس نوعیت کے ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں جس کی رو سے دونوں ملک مل کر کھیل کے فروغ کیلئے کام کریں گے،ترجمان کے مطابق آئندہ سال کے کیلنڈر میں پاکستان اور سعودی عرب کی قومی،یوتھ اورویمنز ٹیموں کی مشترکہ سرگرمیاں شامل ہوں گی جبکہ فٹبال سے متعلقہ ٹیکنالوجی،سپورٹس سائنس، ریفریز اور مارکیٹنگ سمیت مختلف معاملات امور میں معاونت کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
اس موقع پراین سی کے چیئرمین ہارون ملک کا کہنا تھا کہ ایم اویو اور پاکستان فٹبال کی اسپورٹ کرنے پر سعودی فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں،معاہدے کی صورت میں ایک اہم سنگ میل عبور ہوا ہے، اس سے پاکستان فٹبال کے روشن مستقبل کی جانب پیش رفت میں مدد ملے گی۔
سعود ہاشمی نے کہا کہ سعودی عرب کی پاکستان فٹبال کے سسٹم اور انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے،آنے والے کئی برسوں میں اس کے ثمرات حاصل ہوتے رہیں گے،انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹبال کو درست ٹریک پر گامزن رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔