پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار تعین کو ناقابل عمل قرار دیدیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبد السمیع خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی ہفتہ وار قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار سے ایسی صورت حال پیدا ہو جائے گی کہ پٹرول پمپ خشک ہو جائیں گے۔
انھوں نے کہا اس نئے پلان سے پٹرولیم مصنوعات کا بحران ہوا تو پٹرولیم ڈیلرز اس کے ذمہ دار نہیں ہوں گے، کسی بھی ناخوش گوار صورت حال پر پٹرولیم ڈیلرز نہیں حکومت ذمہ دار ہوگی۔
ڈیلرز کے مطابق تیل کی مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار بنیادوں پر تعین پر عمل درآمد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پٹرولیم ڈیلرز دونوں کے لیے ممکن نہیں ہے۔
خیال رہے کہ نگران حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کیلئے نئی حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 روز کے بجائے 7 روز بعد تبدیل کرنے کا پلان تیار کیا ہے۔