مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے متفقہ طور پر اعلان کیا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ماہِ شعبان المعظم کا چاند نظر نہیں آیا، یکم شعبان المعظم 1447ھ، 21 جنوری 2026ء بروز بدھ ہوگی۔
ماہِ شعبان المعظم کا چاند دیکھنے کے لیے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں ہوئے۔
اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے ڈائریکٹر رابطہ حافظ عبدالقدوس، ڈاکٹر شاہد الرحمن مارتھ اور نصیرالدین نے فرائض انجام دیے۔
اجلاس میں محکمہ موسمیات، سپارکو ، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے حکام نے شرکت کی ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع ابر آلود رہا، تاہم کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی تھا، اس کے باوجود کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی معتبر شہادت موصول نہیں ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق عدمِ رویت کی بنیاد پر اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم شعبان 21 جنوری بروز بدھ ہوگی۔ شب برات 4 فروری بدھ کے روز مذہبی عقیدت کے سامنے منائی جائے گی ۔
اس موقع پر مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے دعا کراتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ رجب اور شعبان میں برکت عطا فرمائے اور رمضان المبارک تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ شعبان کی پندرہویں شب (شبِ برات) خیر، برکت اور رحمت کی رات ہے، اللہ تعالیٰ سب کو اس کی برکات نصیب فرمائے۔




















