افغان حکام کے مطابق، پیر کے روز کابل کے مرکزی اور سخت حفاظتی علاقے شاہراہ نو میں واقع ایک ہوٹل میں دھماکے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
رائٹرز کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے بتایا کہ دھماکا شاہراہ نو کے تجارتی علاقے میں ہوا، جہاں بڑے دفاتر، شاپنگ کمپلیکس اور سفارت خانے موجود ہیں، یہ ضلع کابل کے سب سے محفوظ علاقوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوٹل کی عمارت کے سامنے ایک بڑا سوراخ ہوا ہے جس سے دھواں نکل رہا ہے اور ملبہ سڑک پر بکھرا ہوا ہے۔
افغانستان میں ہومینیٹیرین گروپ ایمرجنسی کے کنٹری ڈائریکٹر دیجان پینک نے ایک بیان میں کہا’’ اب تک ہمارے اسپتال میں 20 افراد لائے جا چکے ہیں، زخمیوں میں چار خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، بدقسمتی سے سات افراد پہنچتے ہی جان کی بازی ہار چکے تھے‘‘۔
دھماکے کی وجہ اور نوعیت سامنے نہیں آ سکی ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔




















