وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نےکہا ہےکہ پنجاب حکومت کی کارکردگی محض دعوؤں تک محدود نہیں بلکہ اس کے مثبت نتائج گراؤنڈ پر واضح طور پر نظر آ رہےہیں،مریم نواز کی کارکردگی کا اصل معیار ان کے منصوبوں میں شفافیت اور عوامی فائدہ ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نےاپنے بیان میں کہاکہ پنجاب بھرمیں عوام کوعلاج معالجےکی بہتر اور معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،اسی ماہ نوازشریف کینسراسپتال کی اوپی ڈی کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ سرگودھا میں جدید کارڈیالوجی اسپتال کا افتتاح بھی جلد متوقع ہے۔
وزیر اطلاعات نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آدھا تیتر اور آدھا بٹیر کی سیاست کرنے والے دراصل سیاسی بونے ہیں، جن کا اوڑھنا بچھونا احتجاج، انتشار اور فساد ہے، ایسے عناصر سے عوام کسی قسم کے ریلیف کی توقع نہ رکھیں،سیاست خدمت کا نام ہے، نہ کہ ہر مہینے سڑکوں پر سرکس لگانے کا۔
عظمیٰ بخاری نےکہا کہ سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی، فیلڈ ہسپتالوں کا قیام اور کلینک آن ویلز جیسے منصوبے شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات ہیں،وزیراعلیٰ تمام منصوبوں اور پروگرامز کی خود براہ راست نگرانی کر رہی ہیں۔
انہوں نےمزیدکہا پنجاب میں بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران کوشاباش اورتعریفی اسناد بھی دی جا رہی ہیں،وزیراعلیٰ مریم نوازعوام کو دیےجانےوالے ریلیف میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرتیں اور نہ ہی عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ کیا جاتا ہے۔






















