سینٹ کی قائمہ کمیٹی میں ریلوے کا پٹرول پمپ سستے داموں نیلام کئے جانے پر گرماگرم بحث ہوئی، حکومتی سینیٹر ناصر بٹ کے ریلوے افسران سے سخت سوالات کیئے جبکہ وزیر ریلوے نے اپنی پارٹی کے سینیٹر کو تحمل مزاجی کا مشورہ دیا ۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر ناصر بٹ نے ریلوے افسران سے پوچھ گچھ کی کہ بھلوال میں ریلوے کا پیٹرول پمپ سستے داموں نیلام کیوں دیا گیا ۔ ریلوے حکام نے بتایا لیز کو منسوخ کروا دیا گیا ہے ۔ اس پٹرول پمپ کی دوبارہ نیلامی کی جائے گی ۔ ناصر بٹ نے کہا شفاف انداز میں پٹرول پمپ کی نیلامی ہوتی تو کمیٹی نشاندہی نہ کرتی ۔ ریلوے حکام اپنی غلطی تسلیم کیوں نہیں کرتے ؟
اس پر وزیر ریلوے کا کہنا تھا کسی کی جرات نہیں کہ ایک ٹک شاپ بھی خلاف ضابطہ حاصل کر لے ۔ حنیف عباسی نے ناصر بٹ سے کہا ریلوے افسران سے آرام اور پیار سے بات کریں ۔
کمیٹی کو گوادر بندرگاہ سے ریل رابطے ، گوادر کوئٹہ ریلوے لائن کی تعمیر اور کراچی میں ریلوے کی اربوں روپے کی اراضی پر ناجائز قبضے کے متعلق بریفنگ دی گئی ۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا اس منصوبے کیلئے فنانس پر کام ہو چکا ، اس ٹریک سے پاکستان میں خوشحالی آئے گی ۔ ایم ایل ون کے سکھر سیکشن پر معاہدے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی ٹیم تئیس جنوری کو پاکستان آ رہی ہے ۔






















