وزیراعظم شہباز شریف سے آذربائیجان کے وفد نے ملاقات کی جس دوران شہباز شریف نے پہلے آسان خدمت مرکز کے قیام میں بھرپور معاونت پر صدر الہام علیوف اور آذربائیجان حکومت کا شکریہ ادا کیا جبکہ ملک بھر میں خدمت مراکز کے قیام کیلئے مدت کا تعین کرکے کام شروع کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں آذربائیجان کے پبلک سروس اور سوشل سروس کے چیئرمین علوی مہدئیو اور پاکستان میں ، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف شریک تھے۔ وفاقی وزرا احد چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے علوی مہدئیو کی اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا خیرمقدم کیا اور کہا آذر بائیجان نے پہلے آسان خدمت مرکز کے قیام میں بھرپور معاونت کی، مزید آسان خدمت مراکز بنائے جائیں گے۔ پاکستان میں حکومتی خدمات کے ایکو سسٹم کو یکسر بدلنے کیلئے کوشاں ہیں۔ آئندہ مرحلے میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں آسان خدمت مرکز بنائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے مراکز میں کارکردگی اہداف طے کرکے ہر سہ ماہی تھرڈ پارٹی پرفارمنس آڈٹ کروانے اور خدمات بین الاقوامی معیار کے مطابق فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ کہا تارکین وطن کی سہولت کیلئے سفارت خانوں میں آسان خدمت مراکز کے کاؤنٹر بھی بنائے جائیں۔






















