وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک کو قرض فراہمی طریقہ کار مزید آسان بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس میں چھوٹے و درمیانے نئے کاروبار اور چھوٹے کسانوں کو قرض کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا اسٹیٹ بینک قرض فراہمی طریقہ کار مزید آسان بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔
زراعت میں جدت کیلئے سروس پرووائیڈرز کو ترجیحی بنیادوں پرقرض فراہمی یقینی بنائیں ۔ معاون خصوصی ہارون اختر ٹیم کے ساتھ گلگت بلتستان ، کشمیرسمیت تمام صوبوں کا دورہ کریں ۔ چھوٹے اور درمیانے کاروبار میں سہولت کیلئے صوبوں کے ساتھ جامع پالیسی تشکیل دیں۔
شہبازشریف نے کہا ترقی یافتہ ممالک میں ایس ایم ایز معیشت اور صنعتوں کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ۔ نوجوانوں کو انٹرپرنیورشپ کی تربیت دیں تاکہ وہ نئے کاروبار شروع کریں اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو ۔ نجی شعبے بالخصوص ایس ایم ایز کو قرض کی فراہمی میں آسانی ہماری اولین ترجیح ہے۔
اجلاس کو نجی شعبے کو گزشتہ برسوں میں کاروبار، مشینری اور جدید ٹیکنالوجی کیلئے فراہم کئے گئے قرض کے اعداد و شمار اور معیشت کی بہتری کے ساتھ ساتھ ان کی تعداد میں اضافے پر بریفنگ ۔ یہ بھی بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک کی زرخیز - ای ایپ سے چھوٹے کسانوں کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔
وزیرِ اعظم نےکہا اس حوالے سے جلد ذیلی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو ایس ایم ایز اور زرعی شعبے کو قرض کی فراہمی کے طریقہ کار کو مزید سہل بنانے کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔






















